ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / آنگن واڈی او ر اسکولوں کے لئے خرچ کیا جائے گا سابقہ اراکین اسمبلی کا غیر مستعمل فنڈ

آنگن واڈی او ر اسکولوں کے لئے خرچ کیا جائے گا سابقہ اراکین اسمبلی کا غیر مستعمل فنڈ

Mon, 09 Jul 2018 12:15:46    S.O. News Service

کاروار9؍جولائی (ایس او نیوز) سابقہ میقات میں اراکین اسمبلی نے اپنے علاقے کی ترقی کے لئے ملنے والا جوبھی فنڈ استعمال نہیں کیا تھا اسے اب آنگن واڈی اور اسکولوں کے لئے کمرے تعمیر کرنے پر خرچ کیاجارہا ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق ضلع شمالی کینرا کے 6 اراکین اسمبلی اور ایک ایم ایل سی کو ملنے والے فنڈ سے جملہ 17کروڑ روپے کا فنڈ بغیر استعمال کے یوں ہی رہ گیا تھا۔ اب اس میں سے 6.13کروڑ روپے 29آنگن واڈی اور 34اسکولوں کے کمر ے تعمیر کرنے پر خرچ کرنے کامنصوبہ بنایا گیا ہے۔ اس سے پہلے یہ خبریں آ رہی تھیں کہ سابقہ حکومت کے اراکین اسمبلی نے اپنا جو بھی فنڈ استعمال نہیں کیا تھا اسے کسانوں کا قرضہ معاف کرنے کے لئے استعمال کیا جائے گا۔ لیکن اب سرکار نے ارادہ بدل کر مذکو ر ہ فنڈ کو آنگن واڈیوں اور اسکولوں پر خرچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اور متعلقہ ضلع انتظامیہ کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ اس ضمن میں تعمیراتی کاموں کے منصوبے بنائیں اور اس پر عمل کریں۔

جہاں تک ضلع شمالی کینرا کی بات ہے یہاں پر 6 اراکین اسمبلی اوررکن کاونسل کے لئے سال2013-14سے2017-18تک میعاد کے لئے جملہ 69,71,79,000روپے علاقائی ترقی کے لئے منظور ہوئے تھے۔اس میں سے 52,68,75,868روپے خرچ ہوئے ہیں ۔ اس طرح 17.3 کروڑ روپوں کا فنڈباقی بچاہوا تھا۔یہ رقم سرکاری فنڈمیں واپس جانے والی تھی مگر اس میں سے بہت بڑا حصہ تعلیمی زمرے میں خرچ کرنے اور جن اسکولوں میں بنیادی سہولتوں کی کمی ہے اس کو پورا کرنے کی اسکیم تیار کی گئی ہے۔


Share: